ویب ڈیسک: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کا گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ ناکام بنادیاہے۔ جس کے نتیجہ میں 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملےمیں 2 ایف سی جوان زخمی ہوئے ہیں۔ حملہ آور بھی ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے۔ جنہیں جہنم واصل کردیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نےو اضح کیا ہے کہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بتایا گیا ہےکہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کے مقام پر پہنچ گئیں، ایف سی کی بھی نفری موقع پر موجود ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
قبل ازیں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی، تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، سٹاف نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا۔ صوبائی وزیرصحت نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد10 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔
فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پروزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں دہشتگرد حملے میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔ وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیا بی کی دعا کی ہے .
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے۔حکومت، سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم ملک سے دہشتگردی اور فتنہ الہندوستان کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی حملے کی مذمت
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا، اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔