ویب ڈیسک: ایران کے دو مختلف شہروں میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر5 افراد جاں بحق جبکہ10 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلیجی ساحلی شہر بندرعباس میں ہفتے کے روز ایک رہائشی عمارت میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ معلم بلیوارڈ کے علاقے میں واقع 8 منزلہ عمارت میں ہونے والے دھماکے سے عمارت کی دو منزلیں منہدم ہو گئیں، جبکہ متعدد گاڑیاں اور قریبی دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب ایران کے شہر اہواز میں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت میں گیس دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ایرانی حکام کے مطابق ملبے تلے دبے تین سالہ بچے اور ایک خاتون کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا نے ان دھماکوں میں پاسدارانِ انقلاب کے کسی کمانڈر کو نشانہ بنانے کی خبروں کی تردید کی ہے، جبکہ ایک اسرائیلی عہدیدار نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی شہروں میں ہونے والے ان دھماکوں میں اسرائیل کا کوئی کردار نہیں۔