ویب ڈیسک: پاکستانی شہریوں کے لیے قطر میں ‘ ویزہ آن ارائیول’ کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جس کے بعد مسافروں کو روانگی سے قبل ویزہ حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث یہ سہولت فی الحال دستیاب نہیں۔ سفارت خانے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ قطر روانگی سے پہلے پیشگی ویزہ حاصل کریں، بصورت دیگر انہیں ایئرپورٹ پر داخلے سے روکا جا سکتا ہے اور قانونی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر سفر سے قبل متعلقہ قطری ویزہ مراکز یا مستند ذرائع سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں اور تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھیں۔
سفارت خانے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستانی شہریوں کی رہنمائی کے لیے دستیاب ہے، تاہم مسافروں کو احتیاطی تدابیر خود بھی یقینی بنانا ہوں گی۔