چین اور پاکستان کا مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے پانچ نکاتی منصوبہ جاری

چین اور پاکستان کا مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے پانچ نکاتی منصوبہ جاری
کیپشن: چین اور پاکستان کا مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے پانچ نکاتی منصوبہ جاری

ویب ڈیسک: چین اور پاکستان کا خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پانچ نکاتی منصوبہ جاری۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیجنگ میں وانگ یی اور محمد اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی جس میں علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں چین اور پاکستان نے فوری جنگ بندی اور کشیدگی کے پھیلاؤ کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ تمام علاقوں تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے جلد از جلد امن مذاکرات شروع کرنے کی حمایت بھی کی۔

ملاقات میں چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے ایران اور خلیجی ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی آزادی اور سلامتی کے تحفظ پر زور دیا۔ تمام فریقین کو مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کی تلقین بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری کو واحد مؤثر راستہ قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں اور عملے کی سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہریوں اور غیر فوجی تنصیبات پر حملے فوری روکنے اور عالمی انسانی قوانین کی مکمل پابندی کی اپیل کی۔ توانائی، ڈی سیلینیشن، بجلی اور پرامن جوہری تنصیبات کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا۔

وانگ یی اور اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانے اور دیرپا امن کے جامع فریم ورک کی حمایت کی۔

Watch Live Public News