(ویب ڈیسک) رکنِ قومی اسمبلی اورسابق ممبر پنجاب اسمبلی ملک اقبال چنڑ انتقال کر گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد اور رکن قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
ملک اقبال چنڑ گزشتہ ایک ہفتے سے بہاول وکٹوریا ہاسپٹل کے نیورو سرجری وارڈ میں زیرِ علاج تھے۔ بلڈ پریشر میں اچانک اضافے سے ہیماٹوما اور گردوں کے مسائل پیدا ہوئے، 3 مرتبہ ڈائلیسز بھی کیا گیا۔
وزیراعظم کا ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر اظہارِ افسوس:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رکنِ قومی اسمبلی اورسابق ممبر پنجاب اسمبلی ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نےمرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک اقبال چنڑ کی وفات سے ایک مخلص عوامی رہنما سے محرومی ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک مخلص اور نظریاتی کارکن تھے، اور قائد محمد نواز شریف کے سچے اور وفادار ساتھی تھے۔مجھے انہیں ذاتی طور پر جاننے اور متعدد مواقع پر پنجاب میں اپنی کابینہ میں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔مرحوم، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد تھے۔
وزیراعظم نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ، سوگوار خاندان اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ خلوص، دیانت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ ان کی وفاداری، خدمات اور وابستگی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔