نائب وزیراعظم 15ویں اوآئی سی سربراہی اجلاس کیلئےگیمبیا کے شہر بنجول پہنچ گئے

نائب وزیراعظم 15ویں اوآئی سی سربراہی اجلاس کیلئےگیمبیا کے شہر بنجول پہنچ گئے
کیپشن: نائب وزیراعظم 15ویں اوآئی سی سربراہی اجلاس کیلئےگیمبیا کے شہر بنجول پہنچ گئے

ویب ڈیسک:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار  اسلامی سربراہی اجلاس کے لیے گیمبیا کے شہر بنجول پہنچ گئے.

تفصیلات کے مطابق  گیمبیا کے وزیر پٹرولیم و توانائی نانی جوارا،سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اور پاکستان کی سینیگال میں سفیر صائمہ میمونہ سید نے ان کا استقبال کیا،نائب وزیر اعظم اور وزیرِ خارجہ وزرائے خارجہ کی کونسل میں بھی شرکت کریں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سربراہی اجلاس میں شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار 2 مئی کو سربراہی اجلاس سے قبل او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، یہ سربراہی اجلاس امت مسلمہ کے لیے ایک نازک وقت پر بلایا جا رہا ہے جب غزہ کے عوام کے خلاف جنگ بلا روک ٹوک جاری ہے،  او آئی سی کے رہنماؤں کے لیے غزہ کی سنگین صورتحال پر غور و فکر کرنے کا اہم موقع ہو گا ، او آئی سی کے رہنما مسئلہ فلسطین پر ایک مضبوط، اجتماعی اور متفقہ موقف پیش کر سکیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سربراہی اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ غزہ میں جاری نسل کشی ، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر بات کریں گے، اسحاق ڈار اُمت کی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورتوں، بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر پر بھی بات کریں گے، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور دیگر عصری عالمی چیلنجز اور اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا اجتماعی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سربراہی اجلاس میں شریک رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔