پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کی جائے،امریکا کا بھارت پر زور

 پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کی جائے،امریکا کا بھارت پر زور
کیپشن: پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کی جائے،امریکا کا بھارت پر زور

ویب ڈیسک: امریکا نے بھارت سے اپیل کی ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعمیری تعاون کرے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے گفتگو کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس گفتگو کے دوران انہوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان سے تعاون پر زور دیا۔

مارکو روبیو نے بھارتی ہم منصب سے بات چیت میں پہلگام حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور بھارت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک بیان میں بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون، خطے کی سلامتی اور حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ کا وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں وزیر اعظم نے جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی جبکہ اس جنگ کی وجہ سے پاکستان کو 152 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔

مارکو روبیو نے خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

Watch Live Public News