ویب ڈیسک: بھارت نے پاکستان کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرتے ہوئے باضابطہ نوٹم جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ پابندی آج سے 23 مئی تک برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام نے یہ فیصلہ موجودہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت تمام پاکستانی فضائی کمپنیوں کے طیاروں کو بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پہلے ہی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارتی فضائی حدود سے گریز کر رہی تھی، اور اس فیصلے کے بعد اس حکمتِ عملی میں مزید سختی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے ردعمل میں پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔
اب ایک بار پھر بھارت کی جانب سے فضائی راستے بند کرنے کے اقدام سے بھارتی فضائی کمپنیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر اُن پروازوں کو جو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے دیگر ممالک کا سفر کرتی تھیں۔