سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان

سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان
کیپشن: سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ سمیت دیگر کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

  محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات سے ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بحیرۂ عرب میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث بارشوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ضرور آئی، تاہم شہر کا نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے اطراف سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں نشیبی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام مفلوج ہوگیا۔ کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں اور ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنسے رہے۔ ٹریفک جام کے باعث ایمبولینسوں کو بھی راستہ نہ مل سکا، جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کے مطابق اگر بارشوں کا سلسلہ طویل ہوا تو نکاسیٔ آب کے مسائل بڑھ سکتے ہیں اور شہری انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News