ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد صوبے بھر میں سکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن بھی جاری۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نئے شیڈول کا اطلاق تمام سرکاری سکولوں پر ہو گا اور یہ رواں سال پندرہ اکتوبر تک نافذ رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ سکول پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک کام کریں گے۔ جمعہ کو 12:00 بجے بند ہوا۔ جبکہ ڈبل شفٹ والے اسکولوں کیلئے، صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوگی۔ جمعہ کو صبح کی شفٹ دوپہر 12 بجے ختم ہو جائے گی۔
ڈبل شفٹ والے اسکولوں کیلئے شام کی شفٹ دوپہر 1:00 بجے شروع ہوگی اور پیر سے جمعرات شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی، جب کہ جمعہ کے دن یہ شفٹ دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک چلے گی۔
نظرثانی شدہ شیڈول صوبے بھر میں موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کے بعد ایک ہموار تعلیمی منتقلی کو آسان بنانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی تعلیمی حکام کو ان اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ غفلت یا کوتاہی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ پنجاب کا ایک بڑا علاقہ اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے جس سے لاکھوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ سیلاب کے باعث بعض شہروں میں اسکول بند کردیئے گئے ہیں، کیونکہ چناب، راوی اور ستلج سمیت تمام بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال ہے۔