(ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت میں موسلادھار بارش سے سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئیں ۔تیز بارش کے باعث اسلام آباد کے ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔
جی الیون میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ضلعی انتظامیہ نے تمام افسران کو فوری طور پر فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کردی۔
مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ہے۔نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں ۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارشوں کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی ہائی الرٹ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقے میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، ریسکیو اہلکار کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقے میں تعینات کیے گئے ہیں۔بارشوں کے دوران ریسکیو اہلکار ان جگہوں پر مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے گے۔
ترجمان کے مطابق عوام مون سون موسم کے دوران انتہائی احتیاط برتیں،والدین دوران بارش بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبے کے پاس ہر گز نہ جانے دیں،بارش کے دوران ڈرائیونگ کم رفتار پر کریں،اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائے،بارش کے دوران کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے نہ جائیں،ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے خطرات کے پیش نظر سیاحتی مقامات پر نہ جائیں،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر فوری اطلاع دیں۔