واٹس ایپ کا نیا فیچر، اے آئی مواد پر لیبل لگانا لازمی قرار

واٹس ایپ کا نیا فیچر، اے آئی مواد پر لیبل لگانا لازمی قرار

(ویب ڈیسک ) واٹس ایپ نے اے آئی سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا۔

واٹس ایپ نے مصنوعی ذہانت( اے آئی) سے تیار کردہ مواد کی شفاف نشاندہی کے لیے ایک اہم نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے، جس کے تحت اینڈرائیڈ صارفین اب اپنے چینل اپ ڈیٹس میں اے آئی سے تیار یا ایڈٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو مستقل طور پر لیبل کرسکیں گے۔

یہ نیا فیچر WhatsApp Beta for Android 2.26.34.5 میں محدود بیٹا ٹیسٹرز کے لیے سامنے آیا ہے۔ واٹس ایپ کے فیچرز پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق چینل ایڈمنز کسی بھی متعلقہ  میسج کو دبانے کے بعد میسج آپشنز میں موجود “Add AI content label” کا انتخاب کرکے اس پر اآئی مواد کا لیبل لگا سکیں گے۔

اے آئی لیبل لگنے کے بعد یہ چینل اپ ڈیٹ کے نیچے بائیں جانب، ویوز اور تاریخ کے قریب نمایاں ہوگا، تاکہ فالوورز کو فوری طور پر معلوم ہوسکے کہ شیئر کیا گیا مواد مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار یا تبدیل کیا گیا ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ ایک مرتبہ لیبل لگانے کے بعد چینل ایڈمن اسے ہٹا نہیں سکیں گے۔ واٹس ایپ نے یہ پابندی اس لیے رکھی ہے تاکہ اے آئی سے تیار کردہ مواد کے بارے میں صارفین کو واضح اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جاسکیں۔

واٹس ایپ کے اندر موجود نوٹیفکیشن کے مطابق بعض ممالک میں چینل ایڈمنز کے لیے آے آئی سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی کرنا ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر کوئی ایڈمن چیٹ جی پی ٹی ، جیمنائی یا کسی بھی دوسرے   اے آئی ٹول کے ذریعے تصویر یا ویڈیو تیار یا ایڈٹ کرتا ہے تو اسے   اے آئی مواد کے طور پر لیبل کرنا ہوگا۔ حتیٰ کہ معمولی نوعیت کی اے آئی مدد یا ایڈیٹنگ بھی اس زمرے میں شامل ہوسکتی ہے۔

واٹس ایپ مستقبل میں بعض اے آئی سے تیار کردہ مواد کو خود بھی شناخت کرکے اس پر لیبل عائد کرسکتا ہے۔

فی الحال یہ فیچر صرف محدود تعداد میں اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرز کو دستیاب ہے، تاہم واٹس ایپ آنے والے ہفتوں میں اسے مزید صارفین تک مرحلہ وار پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Watch Live Public News