ویب ڈیسک: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں سپریم کورٹ کے مستقل جج کی تعیناتی سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان اور چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ میں مستقل جج کی تعیناتی کے حوالے سے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے لیے نئے چیف جسٹسز کی منظوری بھی دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ہائیکورٹس کے پہلے تین سینئر ججز میں سے مستقل چیف جسٹس کا انتخاب کیا جائے گا۔
اجلاس میں زیر التوا عدالتی معاملات اور عدالتی عہدوں پر تعیناتیوں سے متعلق دیگر امور بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے۔