ویب ڈیسک: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن ( ر) صفدر نے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان معمولی ناراضی ہو تو منانے میں پہل مریم نواز ہی کرتی ہیں۔
ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کیپٹن ( ر) صفدر نے سیاسی اور ذاتی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مریم نواز پر حکم نہیں چلاتے، دونوں کے درمیان ادب، احترام اور عزت کا رشتہ ہے اور ان کی شادی کو 35 سال ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے تین بچے اور نواسے نواسیاں بھی ہیں۔ کیپٹن ( ر) صفدر کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کابینہ کا حصہ اس لیے نہیں بنے کیونکہ جب وزیرِ اعلیٰ مریم نواز اجلاس میں آتی ہیں تو سب کو احتراماً کھڑا ہونا پڑتا ہے، وہ اپنی اہلیہ کے لیے کیوں کھڑے ہوں گے۔
مریم نواز سے اختلافات کے حوالے سے کیپٹن ( ر) صفدر نے کہا کہ دونوں کے درمیان معمولی نوعیت کی ناراضگیاں ہوتی رہتی ہیں، تاہم صلح کے لیے پہل مریم نواز کی جانب سے ہوتی ہے۔
انہوں نے گھریلو زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں میٹھا آئے تو مریم نواز کہتی ہیں کہ اسے چھپا دو، ورنہ صفدر سارا میٹھا کھا جائیں گے اور طبیعت خراب ہوجائے گی۔