ویب ڈیسک:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں 60 فیصد تک اضافے کا اعلان کر دیا۔
صدر الائنس ملک شہزاد نے حکومتی فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ناقابلِ قبول ہے اور اس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے اور لاکھوں افراد کے روزگار کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ تنظیم کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کرایوں میں اسی تناسب سے اضافہ ممکن نہیں، جبکہ بڑھتے اخراجات کے باعث ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا۔ حکام کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے اسے 458 روپے 40 پیسے تک پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔