ویب ڈیسک: پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی غیر قانونی تمباکو کی خرید و فروخت اور غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائیاں۔
چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی ہدایت پر مانسہرہ اور گلگت میں چھاپے مارے گئے جس کے نتیجے میں گلگت کے علاقے جگلوٹ میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کا گودام سیل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پہلی بار گلگت کے علاقوں میں کسی سگریٹ فیکٹری کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ جگلوٹ، گلگت میں کارروائی کے دوران سگریٹ بنانے کی مشینری، خام مال اور ہزاروں کلو تمباکو برآمد ہوا۔ مزکورہ غیر قانونی فیکٹری میں چیمپئن سگریٹ برانڈ تیار ہو رہے تھے۔ چیمپئن سگریٹ برانڈ، رائل ٹوبیکو کمپنی صوابی کا رجسٹرڈ برانڈ ہے۔ حکام نے کارروائی کے دوران ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ کا کہنا ہے کہ کسانوں سے سستے داموں تمباکو خرید کر غیر قانونی سگریٹ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ تمباکو کی خرید، ترسیل، ذخیرہ اور تجارت کو قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ اور قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جائے گا۔