ملک میں دھند کا راج،موٹرویزبند،موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

ملک میں دھند کا راج،موٹرویزبند،موسم خشک رہنے کی پیشگوئی
کیپشن: ملک میں دھند کا راج،موٹرویزبند،موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب موٹرویز کے کئی حصے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ تین روز کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے امکانات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری درخانہ سے فیض پور، ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور موٹروے ایم الیون لاہور مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ ملتان تا سکھر موٹروے ایم فائیو پر بھی ٹریفک معطل رہی۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بالائی سندھ کے علاقوں خصوصاً سکھر اور اطراف میں بھی دھند متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات اور علی الصبح دھند پڑنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مجموعی طور پر ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور مستحکم رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دن کے اوقات میں دھوپ برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری جبکہ ملتان میں 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم صبح کے اوقات میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

پشاور میں موسم نسبتاً معتدل رہے گا جہاں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ اور گرد و نواح میں سردی کی شدت برقرار رہے گی اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

کراچی میں موسم بدستور خشک اور قدرے گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم سمندری ہوائیں چلنے کے باعث موسم خوشگوار رہے گا۔

محکمہ موسمیات اور موٹروے پولیس نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور حدِ رفتار کم رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News