(ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے منتخب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ محمد نواز شریف کی سربراہی میں آج سے پاکستان میں خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ قوم کے خادم اور نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف کا وزیر اعظم منتخب ہونا خوشحالی و ترقی کی نوید لیکر آئے گا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف کی سپیڈ، محنت، کارکردگی اور ایمانداری کی دنیا معترف ہے، شہباز شریف کا ماضی گواہ ہے کہ وہ محنت، کارکردگی اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے عہدے پر شہباز شریف کا انتخاب حقیقی جمہوریت کی فتح ہے، پاکستان کے معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل حل کے لیے شہباز شریف کی قیادت ناگزیر ہے۔