ویب ڈیسک: حکومتِ پاکستان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت جاری بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس سہ ماہی میں مستحق خواتین کو دی جانے والی رقم 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔ اس اضافے سے پروگرام میں رجسٹرڈ لاکھوں خواتین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی حکومت نے کفالت پروگرام کی سہ ماہی امداد میں دو ہزار روپے کا اضافہ کرتے ہوئے رقم 10 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 13 ہزار 500 روپے کی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی رقم میں حالیہ اضافہ مہنگائی کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ مستحق خواتین کی معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے اور ان کے گھریلو اخراجات میں سہولت فراہم کی جا سکے۔