خضدار دھماکے میں پریس کلب صدر مولانا محمد صدیق مینگل سمیت 3 افرادجاں بحق

ویب ڈیسک: بلوچستان کے شہر خضدار کے علاقے چمروک میں جمعے کو دھماکے کے نتیجے میں خضدار پریس کلب کے صدر مولانا محمد صدیق مینگل سمیت 3 افراد چل بسےجبکہ نو افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں مولانا محمد صدیق مینگل کی گاڑی کو ایک موٹر سائیکل سوار نے میگنٹ (مقناطیسی) بم سے نشانہ بنایا گیا۔ اب تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو خضدار ٹیچنگ ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے بتایا کہ پریس کلب کے صدر اپنی گاڑی میں جمعے کی نماز پڑھنے جا رہے تھے۔ 

دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان دھماکہ خیز چلتی گاڑی میں نصب کرکے باآسانی سے فرار ہوجاتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ مولانا محمد صدیق مینگل تین دہائیوں سے صحافت کر رہے تھے۔ وہ خضدار پریس کلب کے بانی ارکان میں سے تھے۔ اس سے قبل 2023 میں نماز جمعہ کے لیے جاتے ہوئے ان پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں وہ محفوظ رہے تھے۔ 

خضدار پریس کلب کے اب تک نو صحافی مارے جاچکے ہیں۔ ان میں پریس کلب صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت دیگر عہدیداران بھی شامل ہیں۔ صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر بلوچستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے اور اب تک  بلوچستان میں جان دینے والے صحافیوں کی تعداد 47 ہوگئی۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار نے صحافی کی سفید رنگ کی گاڑی کے قریب آکر اس کے ساتھ چلتے چلتے بم چپکا دیا، جس کے تھوڑی دیر بعد زوردار دھماکہ ہوا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خضدار میں دھماکے کی مذمت:

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی خضدار میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پریس کلب خضدار کے صدر محمد صدیق مینگل کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وفاقی  وزیرداخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل کی شہادت پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری کی مذمت:

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خضدار بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے متاثرہ خاندان اور صحافی برادری کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ گھناؤنے جرم میں ملوث درندوں کو ذلت کے علاوہ کچھ نہيں ملے گا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے۔

کوئٹہ حکومت کا اظہار افسوس، ملزمان کی گرفتاری کیلئے احکامات جاری:

بلوچستان حکومت نے خضدار پریس کلب کے صدر مولانا صدیق مینگل کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے احکامات جاری کردیے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق عالمی یوم صحافت کے موقع پر صحافی کی شہادت باعث دکھ ہے۔ صوبائی حکومت نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں فرائض کی انجام دہی کررہے ہیں۔ شہید صحافی کے خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

جےیوآئی کا اظہار افسوس:

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے خضدار دھماکے میں مولانا صدیق مینگل کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حالات خراب کیے جارہے ہیں۔ مولانا صدیق مینگل ایک بے ضرر انسان تھے نہ کسی کے ساتھ دشمنی تھی۔ مولانا صدیق مینگل کی شہادت کا سن کر دل رنجیدہ ہے۔ ہم اپنے ایک سچے اور نظریاتی ورکر سے محروم ہوگئے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی ہے۔ مجرموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اللہ پاک شہید مولانا صدیق مینگل کی کامل مغفرت فرمائے اور باقی زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عاجلہ مستمرہ عطاء فرمائے۔ 

جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدا لواسع، سابق سینیٹر حافظ حسین احمد اور مولانا محمد خان شیرانی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔

Watch Live Public News