یومِ آزادیٔ صحافت: صدر اور وزیراعظم کا فیک نیوز کے خلاف مؤثر کردار پر زور

یومِ آزادیٔ صحافت: صدر اور وزیراعظم کا فیک نیوز کے خلاف مؤثر کردار پر زور
کیپشن: یومِ آزادیٔ صحافت: صدر اور وزیراعظم کا فیک نیوز کے خلاف مؤثر کردار پر زور

ویب ڈیسک: عالمی یومِ آزادیٔ صحافت کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے غیر مستند خبروں اور فیک نیوز کے سدباب کو صحافیوں کی اہم ذمہ داری قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ذمہ دارانہ اور مستند صحافت امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، جبکہ پروپیگنڈا اور جعلی خبروں کا پھیلاؤ قومی ہم آہنگی اور عالمی ساکھ کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا سچائی، دیانت اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مقدم رکھے اور ڈیجیٹل دور میں بھی رفتار پر درستی کو ترجیح دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دے رہا ہے، جبکہ قومی میڈیا نے مشکل حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو درست معلومات فراہم کیں اور قومی مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں اور ڈس انفارمیشن جمہوری عمل کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 19 آزادیٔ صحافت کی ضمانت دیتا ہے اور شفافیت و احتساب کے لیے آزاد میڈیا ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے صحافیوں کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں صحافی دباؤ اور ہراسانی کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے ان کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام سچ کا ساتھ دیں اور جھوٹی معلومات کو مسترد کریں۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادیٔ صحافت کے تحفظ، فروغ اور صحافیوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Watch Live Public News