نئی دہلی(ویبڈیسک) بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کروز شپ پر ہونے والی ایک پارٹی پر چھاپہ مارا اور کم سے کم10 افراد کو حراست میں لیا ہے۔اس معاملے میں ایجنسی کی انکوائری اور کارروائی جاری ہے۔
ممبئی کے ساحل پر ایک پارٹی پر چھاپے کے سلسلے میں آٹھ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے افسر سمیر وانکھیڈے کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سمیت آٹھ افراد کے نام پوچھ گچھ کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
این سی بی کے سربراہ کا دعویٰ اس معاملے کے بارے میں این سی بی کے چیف ایس این پردھان نے کہا یہ گرفتاریاں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی تحقیقات کا نتیجہ ہے۔ اس کے لیے ہم نے انٹیلی جنس معلومات پر کام کیا اور کچھ بالی وڈ لنکس منظر عام پر آئے۔ اس دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
این سی بی نے یہ آپریشن 2 اکتوبر کو خصوصی ان پٹ پر شروع کیا۔ اس دوران تمام مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی۔ معلومات کے مطابق چھاپے میں مختلف ممنوعہ ادویات MDMA / Ecstasy ، کوکین ، MD (Mephedrone) اور چرس برآمد کی گئی ہیں۔ اب اس معاملے کے حوالے سے ان سب کے کردار کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہیں وی آئی پی مہمان کے طور پر بلایا گیا۔ اس کروز پر آنے کے لیے ان سے کوئی فیس نہیں لی گئی۔ آریان نے کہا باقی مہمانوں کو ان کا نام استعمال کرتے ہوئے بلایا گیا تھا۔ ساتھ ہی اس پارٹی میں آنے والے تمام لوگوں کو رول پیپرز دئیے گئے ، این سی بی کو بیشتر گیسٹ رومز سے رول پیپرز ملے ہیں۔