دریائےراوی میں اونچے درجے کا سیلاب،ہیڈسدھنائی بچانے کیلئےمائی صفوراں بند توڑ دیا

دریائےراوی میں اونچے درجے کا سیلاب،ہیڈسدھنائی بچانے کیلئےمائی صفوراں بند توڑ دیا
کیپشن: دریائےراوی میں اونچے درجے کا سیلاب،ہیڈسدھنائی بچانے کیلئےمائی صفوراں بند توڑ دیا

ویب ڈیسک: پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں دریائے راوی پر قائم مائی صفوراں بند کو ہیڈ سدھنائی کو بچانے کے لیے بارودی مواد سے دھماکے کے ذریعے توڑ دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیڈ سدھنائی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کے بہاؤ میں 12 ہزار کیوسک اضافے کے بعد یہ ایک لاکھ 85 ہزار 563 کیوسک تک جا پہنچا۔ تیز بہاؤ کے نتیجے میں درجنوں دیہات پانی میں ڈوب گئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

ڈپٹی کمشنر کمالیہ چوہدری نعیم سندھو نے میڈیا کو بتایا کہ ہیڈ سدھنائی کو بڑے نقصان سے بچانے کے لیے بند کو توڑنا ناگزیر تھا۔ ان کے مطابق تحصیل پیر محل کے 12 دیہات اس فیصلے کے بعد زیر آب آ گئے، تاہم بند کو توڑنے سے قبل مقامی افراد کو اپنے مال مویشی اور گھریلو سامان سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس کے باوجود ہیڈ سدھنائی سے اٹھنے والے سیلابی ریلے نے ضلع خانیوال کے 136 مواضعات کو بھی متاثر کیا۔

دریائے راوی میں ہیڈ جسڑ پر بھی پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے جہاں اس وقت 63 ہزار 720 کیوسک پانی کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے حکومت پاکستان کو ایک اور الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ دریائے توی میں بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔ ان کے مطابق ہیڈ مرالہ پر محض ایک گھنٹے میں 60 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ملک بھر میں اب تک 881 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 1176 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں 223 اموات اور 648 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

Watch Live Public News