ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے منگل کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان کے خلاف میدان میں اتر کر اپنے کیریئر کا 100 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کیا۔ اس موقع پر شائقین کرکٹ اور ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں بھرپور مبارکباد دی۔
فخر زمان نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ جارحانہ بیٹنگ کے انداز اور لمبے چھکوں کی بدولت انہوں نے بہت جلد قومی ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کی۔ افغانستان کے خلاف کھیلے گئے 100ویں میچ میں فخر زمان اگرچہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، مگر یہ میچ ان کے کیریئر کے حوالے سے یادگار دن ضرور ثابت ہوا۔
پاکستان کی کرکٹ تاریخ میں فخر زمان چھٹے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 100 یا اس سے زائد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔ ان سے قبل کپتان بابر اعظم، سابق کپتان محمد حفیظ، شعیب ملک، نائب کپتان شاداب خان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اس میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔جواب میں قومی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں جدوجہد کرتی رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بنا سکی۔ یوں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے کر سیریز میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔