ذوالفقار بھٹو کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پاکستان آج محفوظ ہے، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو

ذوالفقار بھٹو کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پاکستان آج محفوظ ہے، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ایران ، لبنان اور شام پر حملے کرنے والی صیہونی قوتیں پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتیں ۔ ذوالفقار بھٹو کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پاکستان آج محفوظ ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے  کہا کہ ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کرتے ہیں ۔امریکی اور اسرائیلی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں ۔ ایران میں اسکول پر حملہ ہوا جس میں بچے شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ، جنگ سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔جنگ کے اثرات صرف اس ملک تک نہیں ہوتے جہاں جنگ چل رہی ہو۔خطرہ ہے کہ یہ جنگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس جنگ کے اثرات ، مہنگائی، معاشی بحران کی صورت میں پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں ۔ہماری کوشش اور دعا ہے کہ یہ جنگ ختم ہو۔جنگ میں عام آدمی کا نقصان ہوتا ہے ، عام آدمی شہید ہوتا ہے۔ہم نے ہرحالات کا مقابلہ کیا ہے، ان حالات کا بھی مقابلہ کریں گے۔کچھ قوتیں  نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں ۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران ، لبنان اور شام پر حملے کرنے والی صیہونی قوتیں پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتیں ۔ ذوالفقار بھٹو کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پاکستان آج محفوظ ہے۔ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔ان کی خارجہ پالیسی اور دیگر اقدامات عوام کیلئے تھے۔

انہوں نے کہا  کہ عوام جانتے ہیں کہ اس جنگ میں پاکستان کا کوئی قصور نہیں ،عوام جانتے ہیں کہ جنگ کے نتیجے میں مشکل معاشی صورتحال کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔عوام جانتے ہیں کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں  عوامی ریلیف کیلئے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔عوام جانتے ہیں کہ وسائل کتنے ہیں اور وفاقی حکومت کن مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ میں اپنے وسائل سے چھوٹے کسانوں کو مدد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کسانوں کی مالی مدد کیلئے تیار ہیں ۔درخواست ہے کہ جو کسان مستحق ہیں وہ ضرور اپنی رجسٹریشن کرائیں ۔ان موٹر سائیکل والوں کو سبسڈی دی جائے گی جن کی بائیک ان کے نام پر ہو۔موٹر سائیکل اپنے نام پر ٹرانسفر کرانے کیلئے فیس بھی معاف کی گئی ۔چاہتے ہیں کہ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سپورٹ دی جائے تاکہ کرایہ نہ بڑھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان حالات میں سیاسی اختلافات کو بھول کر مل کر کام کرنا چاہیئے۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے شکر گزار ہیں کہ وہ مثبت انداز میں اس عمل کا حصہ بنے۔وہ بھی ان حالات میں اپنے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ان حالات میں وفاقی حکومت منی بجٹ لانا چاہتی ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی ۔

Watch Live Public News