لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر

لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر
لاہور: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواستیں دائر کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں میں درخواست گزاروں کی جانب سے عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں عدلیہ کے خلاف منظم کیمپین چلائی جارہی ہے ، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دینے پر ججز کے خلاف کیمپین چلائی گئی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد میں پیشی پر سابق وزیر اعظم عمران خان جتھوں کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوئے ہیں ، سرکاری عمارتوں کو نقصان اور نعرے بازی کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونا توہین عدالت ہے ۔ درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر پلان کر کے حملہ کیا گیا ہے جس کے ماسٹر مائنڈ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان تھے اور انہوں نے عدلیہ کو پریشرائز کرنے کیلئے ورکرز کو جوڈیشل کمپلیکس بلایا تھا لہٰذا لاہور ہائیکورٹ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے اور انہیں عدالت طلب کر کے جواب دہی کرے ۔ خیال رہے کہ 28 فروری کو چار کیسز میں پیشی کیلئے زمان پارک لاہور سے روانہ ہونے والے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان قافلے کے ہمراہ اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تھے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔