پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی، اسموگ میں کمی کا امکان

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی، اسموگ میں کمی کا امکان
کیپشن: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی، اسموگ میں کمی کا امکان

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 5 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق، متوقع بارشیں نہ صرف فضائی آلودگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارشیں متوقع ہیں، جب کہ مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور اسموگ کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔

علاوہ ازیں، ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کسان اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، جب کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News