پشاور: سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چوری کے تمام کیسز معاف ہو رہے ہیں جو کہ قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پشاور میں پارٹی عہدے داروں سے خطاب کیا ، اس دوران انہو ں نے کہا کہ حکومت نے نیب میں اپنا بندہ بٹھایاہوا ہے، تاکہ مرضی کے فیصلے کروا سکیں، چوری کے تمام کیسز معاف ہو رہے ہیں جو قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری زرداری اور شریف خاندان سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے بلکہ قوم کے مستقبل کیلئے کھڑا ہوں، شریف زرداری خاندانوں کے خلاف کیسز ان کے ادوارمیں ہی بنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ ٹولے نےماضی میں این آر او لیکر اپنی چوریاں معاف کرائیں، یہ مہنگائی کا بہانہ بنا کر اقتدار میں آئے، مگر اب مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے، میرے خلاف جھوٹے کیسز بنا رہے ہیں تاکہ ان کا راستہ صاف ہو سکے۔ عمران خان نےمزید کہا کہ کارکن اورعہدیدار حقیقی آزادی مارچ کی تیاری کریں، حکمرانوں کورخصت کرکے ہی دم لینگے، آج قوم کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، قوم کو اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہو گا، کسی وقت بھی حقیقی آزادی جمہوری مارچ کے لیےکال دے سکتا ہوں، اب ملک کی حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہونے کا وقت ہے۔