ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی عبرتناک شکست سے دوچار کرتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو 43 رنز سے شکست دیکر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔ قومی ٹیم 265 رنز کے تعاقب میں 221 رنز پر ہمت ہار بیٹھی۔اور صرف 40 اوورز تک ہی بلے بازی کرسکی۔
اس سے قبل بارش کے باعث میچ 42-42 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو 73 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 50 رنز اسکور نہ کر سکا۔ کپتان محمد رضوان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عبد اللہ شفیق اور طیب طاہر نے 33، 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔
کیوی کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4 اور نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق اننگز کی ابتدا ہی میں بیٹنگ کے دوران فیلڈر کی تھرو کی ہوئی گیند چہرے پر لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔