ویب ڈیسک: آسٹریلیا نے ہنرمند غیر ملکی کارکنوں کے لیے مستقل رہائش کا ایک اہم اور پرکشش موقع فراہم کرتے ہوئے ایمپلائر نومینیشن اسکیم (ای این ایس) ویزا متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت غیر ملکی افراد آسٹریلیا میں مستقل طور پر رہائش اور ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب کلاس 186 کے تحت درخواستوں کا عمل جاری ہے۔ اس ویزا کے ذریعے وہ غیر ملکی افراد اہل ہوں گے جنہیں کسی منظور شدہ آسٹریلوی آجر کی جانب سے نامزد کیا گیا ہو، جس کے بعد وہ مستقل بنیادوں پر آسٹریلیا میں کام اور قیام کر سکیں گے۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق ای این ایس ویزا (سب کلاس 186) آسٹریلوی حکومت کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنا ہے، خصوصاً صحت، انجینئرنگ، آئی ٹی اور دیگر تکنیکی شعبوں میں۔

اس ویزا کے تحت کامیاب امیدواروں کو نہ صرف آسٹریلیا میں ملازمت کا موقع ملے گا بلکہ انہیں مستقل رہائش، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور دیگر سماجی فوائد تک مکمل رسائی بھی حاصل ہوگی۔
حکام کے مطابق ویزا کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کو متعلقہ شعبے میں مہارت، مناسب پیشہ ورانہ تجربہ، انگریزی زبان پر عبور، اور صحت و کردار سے متعلق شرائط پوری کرنا ہوں گی، جبکہ کسی منظور شدہ آسٹریلوی آجر کی جانب سے نامزدگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ یہ ویزا پاکستانی ہنرمندوں، پروفیشنلز اور تجربہ کار کارکنوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے، جو آسٹریلیا میں ایک محفوظ اور مضبوط مستقبل کی خواہش رکھتے ہیں۔
مزید تفصیلات اور درخواست کے طریقہ کار کے لیے آسٹریلین ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کی سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔