سعودی عرب  نے اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا

سعودی عرب  نے اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا

(ویب ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شعبے کی پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اونٹوں سے متعلق ایک قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے گا۔

سعودی عرب کے نائب وزیر برائے ماحولیات، پانی اور زراعت منصور الموشیطی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی۔اس پوسٹ میں انہوں نے سبز رنگ کے پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی جس پر سعودی عرب کے قومی نشان کے ساتھ سنہرے رنگ سے اونٹ کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

یہ بات واضح رہے کہ 2024ء کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ ہے۔

خیال رہے کہ اونٹ صدیوں سے عرب کی سرزمین پر نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ رہے ہیں اور آج کے جدید دور میں بھی اونٹ عرب میں اپنے مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

اونٹوں کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے عرب میں اونٹوں کی افزائش ایک منافع بخش صنعت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

Watch Live Public News