لاہور (ویب ڈیسک) زندہ دلوں کے شہر میں موت کا کھیل کھیلنے والے کو سزا مل گئی۔ لاہور میں پولیس اہلکار اور شہری کو کچلنے والی رینج روور گاڑی کو آگ لگ گئی۔
دن کے وقت دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھنے میں آئیں۔ ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مہنگی گاڑی چلانے والے شخص نے اپنی گاڑی سے ایک شہری کو اس وقت کچل دیا جب اس سے گاڑی بے قابو ہوئی۔ گاڑی نے نہ صرف شہری بلکہ ایک پولیس اہلکار کو بھی کچل ڈالا۔
میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق لاہور کینال پر دو حادثات کی وجہ بننے والی رینج روور آگ کی نظر ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کے آگ پر قابو پایا۔ اس دوران گاڑی بری طرح جل گئی۔ اس موقع پر پولیس نے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق گاڑی میں آگ برکت مارکیٹ کے قریب لگی۔ اس سے قبل گاڑی نے کینال روڈ پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو ٹکر ماری جو بائیک پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اس حادثہ کے بعد پولیس نے گاڑی کا پیچھا کیا۔ اس سے پہلے کے پولیس اس تک پہچنتی، گاڑی میں آگ لگ گئی۔
اس حوالے سے سامنے آنے والی پہلی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روڈ کی ایک طرف گاڑی پہلے ایک دیوار میں لگتی ہے، پھر اس کے بعد کیمرہ آؤٹ ہوتا ہے تو کچھ ساعتوں بعد وہی گاڑی روڈ کی دوسری جانب سیدھی دیوار میں لگی ہوتی ہے۔ گاڑی کے نیچے ایک شہری کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
وہاں سے گزرنے والے لوگ رک کر اس کو نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جبکہ ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں اس گاڑی کو جلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ریسکیو اہلکار آگ بجھانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔