بھارت میں ایشین فینسنگ چیمپئن شپ، پاکستان نے شرکت سے معذرت کر لی

بھارت میں ایشین فینسنگ چیمپئن شپ، پاکستان نے شرکت سے معذرت کر لی
کیپشن: بھارت میں ایشین فینسنگ چیمپئن شپ، پاکستان نے شرکت سے معذرت کر لی

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارت میں منعقد ہونے والی ایشین فینسنگ چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری عثمان احمد نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ویزوں اور ضروری کلیئرنس کی ضمانت نہ ملنے کے باعث قومی دستہ ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کے منتظمین پاکستانی وفد کے لیے بھارتی حکام سے کلیئرنس اور ویزا اجرا کی یقین دہانی فراہم کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد پاکستان فینسنگ فیڈریشن نے ایونٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

عثمان احمد کے مطابق فیڈریشن نے بھارتی فینسنگ ایسوسی ایشن اور آرگنائزنگ کمیٹی سے دو مرتبہ رابطہ کیا اور پاکستانی وفد کے لیے کلیئرنس کی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم منتظمین کی جانب سے کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ منتظمین نے جواب دیا کہ وہ ویزوں اور سیکیورٹی کلیئرنس کی ضمانت نہیں دے سکتے اور اس معاملے میں ان کے اختیارات محدود ہیں۔

پاکستان فینسنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ دیگر تمام شریک ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے کلیئرنس دستاویزات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ پاکستانی وفد کو تاحال ایسی کوئی دستاویز موصول نہیں ہوئی۔ فیڈریشن کے مطابق منتظمین نے پاکستان کو براہِ راست بھارتی وزارتِ داخلہ سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔

عثمان احمد نے مزید کہا کہ منتظمین نے دیگر تمام ممالک کے وفود کے ناموں کی منظوری اور کلیئرنس حاصل کر لی ہے، تاہم پاکستان کے معاملے میں ایسا نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایشین فینسنگ چیمپئن شپ 18 سے 24 جون تک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔

Watch Live Public News