(ویب ڈیسک ) جنوبی افریقہ نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر وائٹ واش کردیا اور سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی ۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 478 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں جیت کے لیے 58 رنز دیے تھے۔
جنوبی افریقہ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10 وکٹوں سے 58 رنزکا ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 213 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو شان مسعود 103 اور خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
خرم شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کامران غلام بھی 28 رنز پر اپنی وکٹ دے بیٹھے، کپتان شان مسعود بھی 145 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان آغا 48 اور رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عامر جمال نے34، خرم شہزاد نے 18 اور میر حمزہ نے 16 رنز بنائے۔ صائم ایوب انجری کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے۔ بابر اعظم میچ کے تیسرے روز 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مارکو ینیسن نے 2 اور کوینا ماپھاکا نے 1 وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔