(ویب ڈیسک ) ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے بڑی کارروائی بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے 3 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عید کے موقع پر لاہور ، بہاولنگر ، بہاولپور اور پاک پتن میں اہم مقامات پر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے ،سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس بیسڈ کاروائی کرتے ہوئے جھنگ روڈ پٹھان کالونی سے دہشت گردوں کو بھاری مقدار میں اسلحے سمیت گرفتار کیا ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد فتنہ الخوارج اور بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے لیے کام کرتے ہیں ،دہشت گرد غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کر کے سری نگر اور راجستھان میں را کے دہشت گرد نمائندوں سے متعدد بار ملاقات کر چکے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے ،دہشت گرد اعظم کا تعلق منچن آباد سے،امجد کا پاک پتن سے اور منظور کا تعلق بہاولنگر سے ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد بھارت کی ایجنسی را کو واٹس ایپ کے ذریعے اہم مقامات کے نقشے سینڈ کرتے تھے ، دہشت گرد عید کے موقع پر لاہور بہاولنگر ، بہاولپور اور پاک پتن میں دہشت گردی کی بڑی کاروائیاں کرنے کا منصوبہ مکمل کر چکے تھے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی فیصل آباد نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔