ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی، اور امن کے فروغ سے خوشحالی آئے گی اور بے روزگاری میں کمی ہوگی۔
اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیرِ اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور موجودہ مسائل کا حل باہمی تعاون اور مکالمے سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنما پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بحران کے دوران پوری قوم، فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد رہی، اور یہی اتحاد مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ امتِ مسلمہ میں اتفاق و اتحاد کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے قیام کی طرح آج بھی امن کے لیے یکجا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے دفاع کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون اس عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور امت میں انتشار پھیلانے والے عناصر اسلام کی نمائندگی نہیں کرتے۔ ساتھ ہی فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت تک ان کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں قومی یکجہتی کی فضا قائم ہے اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات ہمارے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔