دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرواتے ہوئے اکاؤنٹ کو ای میل ایڈریس سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ 2 دن قبل اس سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں کہ واٹس ایپ کی جانب سے اکاؤنٹ کو ای میل سے جوڑنے کے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر مذکورہ فیچر کو محدود صارفین کیلئے پیش کیا گیا تھا لیکن اب اسے متعارف کرواتے ہوئے ترتیب وار تمام افراد کو اس پر رسائی دی جا رہی ہے۔ 5 اگست کو پاکستانی صارفین کو بھی واٹس ایپ کی جانب سے بھیجے گئے ایک میسیج کے ذریعے ہی نئے فیچر تک رسائی دی گئی ہے۔ مذکورہ فیچر کے تحت صارفین اپنے اکاؤنٹ کو زیادہ محفوظ بنانے کیلئے ای میل اکاؤنٹ سے منسلک کر سکتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی صارفین کو یہ بھی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ چاہیں تو اکاؤنٹ کو ای میل سے نہ جوڑیں۔ فیچر کے تحت صارفین اپنی رجسٹرڈ ای میل کو اکاؤنٹ سے منسلک کرنے کے بعد اس وقت اپنا 6 ہندسوں کا پن حاصل کر سکیں گے جب ان کے پاس موبائل نمبر نہیں ہوگا۔ مذکورہ فیچر اس وقت زیادہ کارآمد ہو سکے گا کہ جب کسی بھی صارف کا موبائل فون گم یا چوری ہوجائے گا اور وہ اپنے اکاؤنٹ کو لاگ آؤٹ کرنا چاہے گا۔ اسی فیچر کے تحت کوئی بھی صارف نئے موبائل پر واٹس ایپ ایپلی کیشن میں اپنا موبائل نمبر لکھنے کے بعد ہی ای میل پر ایکٹیویشن کوڈ موصول کر سکے گا، جسے شامل کرنے کے بعد اسے اکاؤنٹ تک رسائی دیدی جائے گی۔ یعنی واٹس ایپ کے اکاؤنٹ کو ایکٹیویٹ کرنے کے لیے موبائل سم کا ہونا ضروری نہیں رہے گا۔ مذکورہ فیچر کو واٹس ایپ کے حالیہ دنوں میں پیش کیے گئے فیچرز میں سے سب سے بہترین قرار دیا جا رہا ہے۔