(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کر تے ہوئے 3 خارجی ہلاک کردیے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دتہ اخیل میں کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں ۔تینوں خارجی دہشت گرد بزدلوں کی طرح برقعہ اوڑھ کر فرار ہو رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور ایمونیشن برآمد کرلی گئی ہیں۔ مارے جانے والے خارجی دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر خارجی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔