ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں دھند کا راج برقرار ہے۔جس کے باعث موٹرویز کو متعدد مقامات سے بند کردیا گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد کڑاکے کی سردی پڑرہی ہے۔ جس کی وجہ سے درجہ حرارت گرگیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال دیئے۔قومی شاہراہ پردھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جس کے باعث موٹر ویز کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے، عبدالحکیم موٹر وے ایم 3 کو بھی ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا ہے۔
موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ ایم 11 بھی دھند کے سبب بند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
ملک بھرمیں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑنے لگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پارا نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا، دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں۔
شدید سردی اور برفباری کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی۔
وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر ہوگیا، قلات میں درجہ حرارت منفی 10، زیارت میں منفی 9، گوپس اور کوئٹہ میں پارا منفی 7 کو چھو گیا جبکہ لہہ منفی 5 اور استور میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
حالیہ برفباری کے بعد بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن ہونے لگی، مقامی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایت کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح,رات کے اوقات میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔ پنجاب کے چند میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح,رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح ,رات میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔