ویب ڈیسک: (شکیل خٹک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر میں تبدیلی کر دی۔ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 18 کی بجائے 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ نان فرسٹ کلاس ایونٹ سے نئے سیزن کا آغاز ہوگا، نئے سیزن میں گزشتہ سال شروع کئے جانے والے چیمپئنز کپ کو ختم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 26-2025 کے سیزن کا ڈومیسٹک کیلنڈر جاری کر دیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر میں تبدیلی کرتے ہوئے پریمیئرفرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کو 8 ٹیموں پر مشتمل کر دیا۔ قائد اعظم ٹرافی 22 ستمبر سے 7 نومبر تک کھیلی جائےگی۔
ڈومیسٹک سیزن کا آغاز 15 اگست کو حنیف محمد ٹرافی سے آغاز ہوگا۔ حنیف محمد ٹرافی میں 12 ٹیمیں شامل ہوں گی ٹاپ کی دو ٹیمیں قائد اعظم ٹرافی کے لئے کوالیفائی کریں گی۔
فیصل آباد میں یکم مارچ سے 12 مارچ تک شیڈول نیشنل ٹی ٹونٹی میں 18 کی بجائے اب 10 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں پہلے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ باقی دو ٹیمیں کوالیفائر میں سے آئیں گی۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ڈومیسٹک سیزن سے نیشنل چیمپئنز کپ کو ختم کر دیا، گزشتہ برس متعارف کرانے والے چیمپئینز کپ کی پانچ ٹیموں کے لیے پانچ مینٹورز کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔
دوسری جانب نئے سیزن میں انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 ریجنل ٹورنامنٹس بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ نئے سیزن میں چار ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس پریذیڈنٹ ٹرافی، پریذیڈنٹ کپ، گریڈ II اور گریڈ III بھی شامل کئے گئے ہیں ۔
پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ 26-2025 کا ڈومیسٹک سٹرکچر میرٹ، مواقع اور مقابلے کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔