(ویب ڈیسک ) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسز آپریشن سینٹر نے 7تا 9جولائی کے دوران جے ایس آر / سکردو-رونڈو روڈ پر لینڈ سلائیڈ کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ این ا ی او سی تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی تشخیص اورمتعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری پیشگی موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں بارشوں اور زمینی کٹاؤ کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔اگلے دو روز میں سکردو اور ملحقہ علاقوں بشمول برومدو نالہ، چمچو ،مالوپا،ڈمبوڈاس-ٹورمک-ہراموش سیکشن میں مقامی سطح پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ،اسکے علاوہ مقامی نالوں میں کٹاؤ اور مٹی و پتھروں کے تودوں کی حرکت سے سفر کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مسافر و سیاح پہاڑی اور لینڈ سلائیڈ والے راستوں پر مکمل احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ خطرناک ڈھلوانوں کے قریب سے آمدورفت میں احتیاط برتیں ۔
این ڈی ایم اے کیجانب سے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔عوام مستند اطلاع و حفاظتی تدابیر کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔