ویب ڈیسک: فارورڈ بلاک بننے کے بعد پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے نکالے گئے تمام 13 ارکان کے نام سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت 13 ارکان کو پی ٹی آئی سے فارورڈ بلاک بنانے پر نکالا گیا ہے، اس حوالے سے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ جی بی حاجی گلبر خان کے علاوہ منحرف ایم ایل ایز سید امجد زیدی، ناصر علی خان، دلشاد بانو، فضل الرحیم، ساریہ زمان، شمس لون، مشتاق احمد، عبدالحمید، شاہ باغ اور فتح اللہ خان کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔
منحرف ایم ایل اے راجہ اعظم خان اور راجہ جلال حسین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نے راجہ جلال سے دو دن میں جواب طلب کر لیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ حاجی گلبر خان پر فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی کے خلاف ووٹ دینے کا الزام ہے، اس لیے انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ہے، اگر حاجی گلبر خان نے پی ٹی آئی کا نام، جھنڈا اور پوزیشن استعمال کی تو کارروائی کی جائے گی۔