سہ ملکی سیریز کا ٹائٹل پاکستان کے سر سج گیا، فائنل میں افغانستان کو شکست

سہ ملکی سیریز کا ٹائٹل پاکستان کے سر سج گیا، فائنل میں افغانستان کو شکست

ویب ڈیسک: سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

شارجہ کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ فخر زمان 27، محمد نواز 25 اور آغا سلمان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی اور کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔ اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستانی اسپنر محمد نواز نے ہیٹ ٹرک کرنے کے ساتھ ساتھ کل پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سفیان مقیم اور ابرابر احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سہ ملکی سیریز میں میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم چاروں میچز میں ناکام رہی اور ایک بھی فتح اپنے نام نہ کر سکی، جس کے باعث وہ پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

Watch Live Public News