آکسفورڈ ورڈ آف دی ایئر2025 کا اعلان کردیا گیا

آکسفورڈ ورڈ آف دی ایئر2025 کا اعلان کردیا گیا
کیپشن: آکسفورڈ ورڈ آف دی ایئر2025 کا اعلان کردیا گیا

ویب ڈیسک: آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے عالمی ووٹنگ کے بعد " ریج بیٹ" کو آکسفورڈ ورڈ آف دی ایئر 2025 قرار دے دیا۔ اس انتخاب کے لیے دنیا بھر سے 30 ہزار سے زائد افراد نے ووٹ دیا۔

ریج بیٹ سے مراد وہ آن لائن مواد ہے جو جان بوجھ کر غصہ، اشتعال اور ردِعمل پیدا کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ انگیجمنٹ حاصل ہو سکے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس اصطلاح کے استعمال میں تین گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ لفظ دو دیگر شارٹ لسٹ شدہ اصطلاحات "آورا فارمنگ" اور "بایو ہیک" کو پیچھے چھوڑ کر سال کا منتخب لفظ بنا۔ ماہرین کے مطابق ریج بیٹ کے تیزی سے فروغ کا تعلق آن لائن ہیرا پھیری، ڈیجیٹل ویل بینگ، سماجی تقسیم اور توجہ پر مبنی الگورتھمز کے بڑھتے ہوئے اثرات سے ہے۔ اگرچہ یہ کلک بیٹ سے مشابہت رکھتا ہے، لیکن ریج بیٹ خاص طور پر ایسے مواد کی نشاندہی کرتا ہے جو غصے اور تقسیم کو بڑھاتا ہے۔

" ریج بیٹ" کا ابتدائی استعمال 2002 میں ایک آن لائن فورم میں سامنے آیا اور وقت کے ساتھ یہ اصطلاح صحافت، سوشل میڈیا کلچر اور سیاسی ابلاغ میں عام ہو گئی۔ اس کا تعلق "ریج فارمنگ" جیسے رجحانات سے بھی جوڑا جاتا ہے، جس کے تحت پلیٹ فارمز بار بار اشتعال انگیز مواد پھیلا کر مستقل غصے اور بحث و مباحثے کو ہوا دیتے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے کیسپَر گراتوول کے مطابق یہ لفظ اس وسیع تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے جو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے باعث انسانی جذبات، شناخت اور آن لائن رویّوں میں پیدا ہو رہی ہے۔

گزشتہ سال کے ورڈ آف دی ایئر " برین روٹ" کے بعد اس سال کا انتخاب اس بڑھتے ہوئے چکر کی طرف اشارہ کرتا ہے جہاں غصہ انگیجمنٹ بڑھاتا ہے، الگورتھمز اسے مزید فروغ دیتے ہیں، اور آخرکار صارفین ذہنی تھکن کا شکار ہو جاتے ہیں۔

Watch Live Public News