پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ کے قریب گذشتہ روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعے میں ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے گرفتار ملزم کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے تاکہ تفتیش کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ کے قریب ملزم نے گولی مار کر ایک شہری کو زخمی کر دیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ کی سیکیورٹی پر مامور ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ دونوں افراد کے درمیان تلخ کلامی کی وجہ سے ہوا۔ https://twitter.com/CMSHB/status/1544932566159204352?s=20&t=pX8vqEKaA0bezCytT_I4dw پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے شہری کا نام ولید عباسی ہے جس کا سڑک کراس کرتے ہوئے بنی گالا کی سیکیورٹی پر مامور کارکنوں عارف مروت اور مثل خان سے جھگڑا ہو گیا تھا۔ درج ایف آئی آر کے مطابق جھگڑے کے بعد ملزم مثل خان کے پاس آٹو میٹک اسلحہ تھا۔ اس نے ولید عباسی کیساتھ تلخ کلامی کے بعد اس پر فائرنگ کردی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد زخمی شہری کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔