ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ امریکا کا جنگ بندی معاہدہ ختم ہو گیا ہے۔
نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں کافی وقت ضائع ہوا، اب وہ ایران کے ساتھ کسی نئے معاہدے کے خواہاں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف حالیہ امریکی فوجی کارروائی ایرانی حملوں کا جواب تھی اور امریکا ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی قیادت ختم ہو چکی ہے اور نئی قیادت سامنے آ گئی ہے، تاہم انہوں نے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، جبکہ اس کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔
نیٹو کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر اتحادیوں نے امریکا کی توقعات کے مطابق تعاون نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نیٹو کو سب سے زیادہ مالی معاونت فراہم کرتا ہے، اس لیے دیگر رکن ممالک کو بھی اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھانی چاہییں۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو نیٹو کی نسبت نیٹو کو امریکا کی زیادہ ضرورت ہے، تاہم نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ان کی ملاقات تعمیری رہی، جس میں مختلف عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ایران خطے میں عدم استحکام کا باعث بنتا رہا ہے اور امریکا اپنی قومی سلامتی اور اتحادیوں کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔