قومی اقتصادی سروے کل پیش کیا جائے گا، معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ ہو سکا

قومی اقتصادی سروے کل پیش کیا جائے گا، معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ ہو سکا
کیپشن: قومی اقتصادی سروے کل پیش کیا جائے گا، معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ ہو سکا

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت کل مالی سال 2024-25 کے لیے اقتصادی سروے جاری کرے گی، جس میں ملک کی معاشی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔ دستیاب ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، حکومت مقرر کردہ اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، رواں مالی سال کے دوران معیشت کی عبوری شرحِ نمو 2.68 فیصد رہی، جو مقررہ 3.6 فیصد ہدف سے خاصی کم ہے۔ تاہم، معیشت کا حجم گزشتہ سال کے 371.66 ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 410.96 ارب ڈالر تک جا پہنچا، یعنی 39.3 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملکی سطح پر بھی معیشت کا حجم 9,600 ارب روپے کے اضافے سے 114,700 ارب روپے تک پہنچا۔

فی کس سالانہ آمدن میں بھی بہتری آئی ہے، جو 144 ڈالر اضافے کے ساتھ 1,680 ڈالر پر آ گئی۔

زرعی شعبہ: توقعات سے کمزور کارکردگی
زرعی شعبہ اس سال توقعات پر پورا نہ اتر سکا۔ اہم فصلوں کی شرح نمو منفی 13.49 فیصد رہی، جو کہ مقررہ منفی 4.5 فیصد ہدف سے بھی کئی گنا بدتر ہے۔ کاٹن جیننگ کا شعبہ بھی 19 فیصد تک سکڑ گیا۔ مجموعی طور پر زرعی شعبے کی ترقی صرف 0.56 فیصد رہی، جو 2 فیصد کے ہدف سے کافی کم ہے۔

لائیو اسٹاک اور دیگر فصلوں میں کچھ بہتری دیکھی گئی، جن کی شرح نمو بالترتیب 4.72 اور 4.78 فیصد رہی، لیکن ماہی گیری اور جنگلات کا شعبہ بھی اہداف حاصل نہ کر سکا۔

صنعتی شعبہ: مخلوط کارکردگی
صنعتی شعبے نے کچھ بہتر کارکردگی دکھائی، اور 4.4 فیصد ہدف کے مقابلے میں 4.77 فیصد شرحِ نمو حاصل کی۔ چھوٹی صنعتوں میں 8.81 فیصد اور سلاٹرنگ میں 6.34 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ تاہم، بڑی صنعتوں نے منفی 1.53 فیصد کی شرح سے کارکردگی دکھائی، جو تشویش ناک ہے۔

بجلی، گیس اور پانی کے شعبے نے غیر معمولی 28.88 فیصد کی شرح نمو حاصل کی، جو مقررہ ہدف 2.5 فیصد سے کئی گنا زیادہ ہے۔ تعمیراتی شعبے نے بھی 6.61 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ مثبت کارکردگی دکھائی۔

خدماتی شعبہ: ہدف سے کم کارکردگی
خدمات کا شعبہ بھی مقررہ ہدف سے پیچھے رہا، جہاں مجموعی شرحِ نمو 2.91 فیصد رہی، جو کہ 4.1 فیصد ہدف سے کم ہے۔ ہول سیل اور ریٹیل ٹریڈ کی شرحِ نمو صرف 0.14 فیصد رہی۔ دیگر ذیلی شعبوں جیسے فنانس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت میں محدود اضافہ دیکھنے میں آیا۔

پبلک ایڈمنسٹریشن اور سوشل سیکیورٹی نے توقع سے بہتر کارکردگی دکھائی، جہاں 3.4 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 9.92 فیصد کی شرح نمو حاصل ہوئی۔

Watch Live Public News