(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخواہ میں دو الگ الگ آپریشنز میں سیکورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو کامیابی سے ہلاک کردیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں تلاش کیا۔دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد انعام اللہ کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔