لاہور ( پبلک نیوز) تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ۔ محکمہ داخلہ نے انصار الاسلام پر پابندی لگانے کا ریفرنس کابینہ سے واپس منگوایا۔ ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ نے چند ماہ قبل کابینہ کو انصار اسلام پر پابندی لگانے کا ریفرنس ارسال کیا تھا۔ کئی ماہ تک محکمہ داخلہ نے اس کی پیروی ہی نہ کی گئی تھی۔ محکمہ داخلہ نے اب یہ ریفرنس بغیر کسی کارروائی کے واپس لے لیا ہے۔انصار الاسلام مولانا فضل الرحمن کی ہی تنظیم ہے۔ دوسری جانب تحریک لبیک کے وزیرآباد میں جاری دھرنے کو مجلس شوری کے اراکین کے خطاب کے بعد ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے. دھرنا کے اسٹیج سے علامہ فاروق الحسن قادری،علامہ غلام غوث بغدادی اور انجینئر حفیظ اللہ علوی سمیت ممبران مرکزی مجلس شوری تحریک لبیک نے خطاب کیا. مجلس شوری کے اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ معاہدہ میں 70 فی صدشرائط پر عملدرآمد ہو گیا، ثابت قدم رہنے والے تحریک لبیک پاکستان کے شیروں کو سلام پیش کرتے ہیں، سخت سردی کے دنوں میں اپنا آرام رسول اللہ ﷺ کی ناموس پر وارنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں.