(ویب ڈیسک )آسٹریلیا کی ایک سپر مارکیٹ کا برانڈ مہنگے گوشت چوری ہونے سے اس قدر پریشان ہوگیا کہ اس نے نگرانی کیلئے پیکٹوں میں جی پی ایس سسٹم نصب کردیا۔
آسٹریلیا کی ایک سپر مارکیٹ ‘Drakes’ نے اپنے اسٹور میں رکھے مہنگے گوشت کو چوری ہونے سے بچانے کیلئے پیکٹوں میں جی پی ایس لوکیٹر لگانے کی آزمائش شروع کردی ہے۔
ڈریکس آسٹریلیا کا واحد اسٹور ہے جس نے جی پی ایس سسٹم گوشت پر استعمال کیا ہے ، عام طور پر یہ سسٹم کافی مہنگی اشیا کی چوری روکنے کیلئے کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ڈریکس جان پال نے بتایا کہ ہر سال جنوبی آسٹریلیا اور کوئنز لینڈ میں سپر مارکیٹ کی 67 شاخوں سے 12 ملین ڈالر مالیت کا گوشت چوری کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمپنی پر امید ہے کہ اس نئے جی پی ایس لوکیٹر سے نقصان میں نمایاں طور پر کمی آئے گی ، اگر یہ طریقہ مفید ثابت ہوا تو پورے آسٹریلیا میں موجود برانچز میں اس کا نفاذ کردیا جائے گا۔